پاکستان آج گروپ آف 77کی سربراہی کیوبا کے حوالے کرے گا

نیویارک (پاک ترک نیوز)
پاکستان آج اقوام متحدہ میں(ترقی پذیر ممالک کی تنظیم) گروپ آف 77 اور چین کی ایک سالہ چیئرمین شپ کیوبا کے حوالے کرے گا ۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفارتی مشن کے جاری کردہ بیانیہ کے مطابق پاکستان نے اپنی ایک سالہ مدت کے دوران متعدد معاشی اور مالیاتی بحرانوں کے بارے میں خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کو متاثر کرنے والے بحرانوں پر آواز بلند کی اور مسائل کے حل پر ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی کی۔ گذشتہ سال کے عرصے سے جاری کرونا، موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات، معاشی عدم توازن اور قرضوں کی بڑھتی ہوئی پریشانی،اجناس کی قیمتوں کے جھٹکے اور غذائی عدم تحفظ، اور تنازعات -جیسا کہ یوکرین میں جنگ کے ساتھ بڑھتے ہوئے مسائل گروپ آف 77 کے زیر توجہ رہے۔ پاکستان نے گذشتہ سال 14 جنوری 2022 کو گنی سے G-77 کی صدارت سنبھالی تھی اور اس سال کیوبا کے حوالے کرے گا۔ پاکستان چار بار 1976، 1992، 2007 اور 2022 میں گروپ کی سربراہی کر چکا ہے۔آج کی تقریب میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے جس کے بعد کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل برموڈیز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔اس موقعہ پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس، کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز پریلا، اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کاسابا کوروسی اورگروپ کے دیگر ممبران بھی بیانات دیں گے۔پاکستان کی سربراہی میں گروپ نے اقوام متحدہ کے فورم کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کو درپیش تین بحرانوں کی طرف توجہ مرکوز کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

#bilawalbhuttozardari#cuba#g77#groupof77#newyork#PakTurkNews