اسلام آباد (پاک ترک نیوز) پاکستانی شہریوں نے افغانستان کے دریائے کنڑ پر پانی کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے منصوبے کو مسترد کر دیا۔
افغانستان کی جانب سے دریائے کنڑ پر بھارت کی مدد سے تعمیر کیے جانے والے منصوبے کو پاکستانی عوام نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان جو کچھ بھی کر رہا ہے اس سے پاکستانیوں بالخصوص پشتونوں کے لیے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ افغانستان نے بھارت کی مدد سے اس منصوبے کے ذریعے خیبرپختونخوا کی زرعی زمین کو پانی کی فراہمی روک کر آبی جارحیت کی پہل کی ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ افغانستان کے پاس اپنے وسائل نہیں ہیں، اس لیے اسے غیر ملکی امداد مل رہی ہے،پاکستان نے ان لوگوں کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اپنے ہزاروں جانیں گنوائی ہیں۔
پاکستانی شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان ایک مکمل طور پر تسلیم شدہ ملک نہیں ہے، کیونکہ بہت سے ممالک نے ابھی تک اس کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔افغانستان جو کچھ کر رہا ہے وہ بھارت کے کہنے پر ہے۔
لوگوں کے مطابق افغانستان کو جب بھی مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔کابل ایک طرف پشتونوں کے لیے آواز اٹھاتا ہے اور دوسری طرف خیبرپختونخوا کو پانی کی فراہمی معطل کر دیتا ہے۔