گذشتہ مالی سال میں پاکستان سے چاول کی 4ارب ڈالر کے قریب ریکارڈ برآمدات

لاہور (پاک ترک نیوز)
پاکستان کے چاول کے شعبے نے گزشتہ مالی سال 2023-24کے دوران ہندوستانی چاول کی برآمد پر پابندی کے باعث 78 فیصد اضافے کے ساتھ 3.88 ارب ڈالر کی برآمدات کا تاریخی سنگ میل حاصل کیا ہے۔
رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آر ای اے پی کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق چاول کے برآمدی شعبے نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ملک کے لیے زیادہ زرمبادلہ کمایا ہے۔چنانچہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی چاول کی برآمدات میں مقدار میں 60 فیصد اور مالیت میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے مالی سال 24 کے دوران تقریباً 6 ملین میٹرک ٹن چاول برآمد کیے جن کی مالیت تقریباً 3.88 ارب ڈالر تھی جبکہ اس قبل مالی سال 23میں 2.15 ارب ڈالر مالیت کے 3.56 ملین میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابقہندوستان کی طرف سے چاول کی برآمد پر پابندی کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو بین الاقوامی مارکیٹ میں چاول کی اچھی قیمت ملی ہے۔پاکستان سے چاول کی برآمدات کئی سالوں سے جمود کا شکار تھیں لیکن آر ای اے پی کی موجودہ قیادت اور پاکستانی چاول کی منصوبہ بند مارکیٹنگ کے تحت یہ تاریخی ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

#Pakistan Rice Export $4 Billion