اسلام آباد (پاک ترک نیوز) سعودی عرب نے پاکستان کا 179,210 عازمین حج کا کورونا وائرس سے قبل کا حج کوٹہ بحال کر دیا ہے اور عمرہ کے لئے عمر کی 65 سال کی حد بھی ختم کر دی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال سرکاری سکیم کے تحت تقریباً 90,000 پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ جبکہ اتنی ہی تعداد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کودے دی گئی ہے۔اس سے قبل سعودی حکومت نے پاکستانی پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کی تعداد 905 سے کم کر کے 46 کر دی تھی۔ تاہمحکومتی سطح پر بات چیت کے بعد پاکستان نے سعودی حکومت سے تمام 904 آپریٹرز کے لیے مخصوص کوٹہ مختص کرنے کی اپیل کی۔تاکہ اس صنعت سے وابستہ متعدد افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ سعودی عرب کے حکام نے اس تجویز سے اتفاق کیا۔
پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے نئی سکیم کے تحت حجاج کرام کے کل 180 گروپ ہوں گے جن میں سے ہر ایک 500 افراد پر مشتمل ہوگا۔ ہر پرائیویٹ حج آپریٹر کو اب 100 عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔ جس کے نتیجے میں ہر گروپ پانچ مختلف آپریٹرز کی خدمات استعمال کرنے والے عازمین پر مشتمل ہوگا۔
یاد رہے کہپاکستان کی حج پالیسی 2024 کے مطابق اس سال کے لیے حکومت کی سکیم کے تحت حج پیکیج کی لاگت میں 100,000 روپے کی کمی کرتے ہوئے اسے 11لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔جبکہ پرائیویٹ آپریٹرز حسب معمول اپنی عازمین کو دی جانے والی سہولتوں کے مطابق پیکیج تیار کریں گے۔