پاک بحریہ کی ترکیہ ،جاپان اور اسپین کی بحری افواج کے ساتھ مشترکہ مشقیں

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
ترکیہ اور پاکستان کی بحری افواج نے آپریشنل تیاریوں کو بڑھانے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشرقی بحیرہ روم میںترگتیس۔ 9 مشقیں کیں۔جن میں شرکت کے لئےپاک بحریہ کے جہاز پی این ایس بابر نے اکساز نیول بیس کا دورہ کیا اور مشق میں حصہ لیا۔
پاک بحریہ کی جاری کردہ معلومات کے مطابق مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو مزید بڑھانا تھا۔
اس سے قبل پاک بحریہ کے جہاز اصلت نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) کے دوران جاپان میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس (JMSDF) کے جہاز سازانامی اور ہسپانوی بحریہ کے جہاز کینرس ایس پی ایس کےساتھ بحر ہند میں گزرنے کی مشقیں کیں۔
اپنےبیان میں پاک بحریہ نے کہا ہےکہ مشقوں کا مقصد خطے میں کام کرنے والی بحری افواج کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔مختلف بحری مشقوں کے انعقاد کے علاوہ، خطے میں غیر قانونی بحری سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں پر توجہ مرکوز کرنےاور ایک دوسرے کی حکمت عملیوں، تکنیکوں اور طریقہ کار کے بارے میں تفہیم پیدا کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ پاک بحریہ بلند سمندروں پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتی ہے۔دیگر بحری افواج کے ساتھ باقاعدہ بات چیت بحری سلامتی کو لاحق خطرات کے خلاف علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینے کے مشترکہ مقصد میں پاکستان کے تعاون کا اعادہ کرتی ہے۔