فرانس (پاک ترک نیوز ) پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے پہلے ہائی سپیڈ ٹرین نیٹ ورک تخریب کاری کا شکار ہوگئی ۔
فرانسیسی ریل کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد ٹرین نظام کو مفلوج کرنا تھا اسی لیے بڑے پیمانے کا حملہ کیا گیا ہے، ان حملوں کے باعث 8 لاکھ مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ریلوے سٹیشن پر توڑ پھوڑ اور آگ لگائی گئی جس سے ریلوے کا نظام معطل ہوگیا، ہائی سپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے بد نیتی پر مبنی کارروائیاں ہیں۔
قومی ٹرین آپریٹر نے کہا کہ ایس این سی ایف راتوں رات بیک وقت کئی بدنیتی پر مبنی کارروائیوں کا شکار ہوا، ان حملوں نے اس کی اٹلانٹک، شمالی اور مشرقی لائنوں کو متاثر کیا، ٹرینوں کی بڑی تعداد کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ کئی ٹرینوں کو متبادل روٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
فرانس کے وزیر اعظم گیبریل اٹل نے کہا ہے کہ فرانس کی سکیورٹی فورسز ان حملوں میں ملوث لوگوں کو تلاش کر رہی ہیں جنہوں نے اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل ملک کے تیز رفتار ریل نیٹ ورک کو روک دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری انٹیلی جنس خدمات اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان مجرمانہ کارروائیوں کے مرتکب افراد کو تلاش کرنے اور سزا دینے کے لیے متحرک ہیں۔
وزیر اعظم نے حملوں کو ریل آپریٹر ایس این سی ایف کی تنصیبات کے خلاف تخریب کاری کی مربوط کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریل نیٹ ورک پر اس کے بہت بڑے اور سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔
یاد رہے کہ اولمپک گیمز کی رنگارنگ افتتاحی تقریب آج سے فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہورہی ہے، اس میگا ایونٹ میں 206 ممالک سے 10 ہزار 500 ایتھلیٹس حصہ لیں گے ، پیرس اولمپک گیمز 11 اگست تک جاری رہیں گی۔
پیرس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، جہاں افتتاحی تقریب کیلئے 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ گیمز کے دوران ان اہلکاروں کی تعداد 45 ہزار تک کردی جائے گی۔