لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹر کلب ون ڈے ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے جو ملک کے 16 ریجنز میں اپریل میں منعقد ہوگا ۔ پی سی بی آئین 2014 کے تحت تمام رجسٹرڈ کرکٹ کلب ( فعال اور غیر فعال) اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے۔
واضح رہے کہ 2023 کے انتخابات کے بعد جو تازہ ترین اسکروٹنی ہوئی ہے، وہ نوٹیفائیڈ لسٹ حتمی تصور کی جائے گی ۔ ا سکے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کلبوں کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی کھولے گا اور دلچسپی رکھنے والے کلب متعلقہ ڈسٹرکٹ/ زونل کرکٹ ایسوسی ایشن کے ماڈل آئین کے مطابق ڈسٹرکٹ/ زونل کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ نئی رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور انہیں کھیلنے کے حقوق مل سکتے ہیں۔
اضلاع کو شیڈول کو حتمی شکل دینے کا کام سونپا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس کی نگرانی متعلقہ ریجنز اور بعد میں پی سی بی کرے گا۔
پول مرحلے میں ہر کلب کم از کم تین میچ کھیلے گا۔ یہ ون ڈے ٹورنامنٹ پی سی بی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کھیلا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کلب کرکٹ کسی بھی قومی کرکٹ ڈھانچے کا ایک اہم جزو ہے اور پاکستان میں اس کی باصلاحیت کھلاڑی پیدا کرنے کی بھرپور تاریخ ہے۔ پی سی بی کلب کرکٹ کے اچھے پرانے مسابقتی کلچر کو بحال کرنے اور کلب کی سطح پر خواہشمند کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پی سی بی انٹر کلب ون ڈے ٹورنامنٹ کا بہت زیادہ فائدہ ہوگا اور ہمیں باصلاحیت کھلاڑی میسر آسکیں گے۔
عبداللہ خرم نیازی ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کا کہنا ہے کہ ہمیں ملک کے 16 علاقوں میں انٹر کلب ون ڈے ٹورنامنٹ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد ملک بھر کے سیکڑوں کرکٹ کلبوں کو معیاری اور مسابقتی کرکٹ فراہم کرنا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے وژن کے مطابق ہم اس ٹورنامنٹ میں 6,000 سے زائد میچوں کا اہتمام کرنے کے منتظر ہیں۔