اسلام آباد(پاک ترک نیوز) فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف کیس سپریم کورٹ نے سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ 18 جولائی کو کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس منیب اختر بینچ میں شامل ہوں گے، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس پر فیصلے تک آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت مقدمات سننے سے معذرت کی تھی۔
جسٹس سردار طارق مسعود نے بھی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے مؤقف کی تائید کی جبکہ جسٹس منصور علی شاہ وفاقی حکومت کے اعتراض کے بعد بینچ سے الگ ہو گئے تھے۔
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ اور اعتزاز احسن سمیت 4 درخواست گزاروں نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تھا۔