عازمین دوران حج سیاسی نعروں سے پرہیز کریں، حکام نے خبردار کردیا

ریاض(پاک ترک نیوز) سعودی وزیر حج وعمرہ توفیق الربیعہ نے عازمین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران حج سیاسی نعرے لگانے کی اجازت نہیں ہے۔
سعودی وزیر حج توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ حج عبادت کے لیے ہے نہ کہ سیاسی نعروں کے لیے، لہٰذا حج کے دوران کسی کو سیاسی نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
سعودی وزیر حج کے مطابق حج عبادت کی ایک شکل ہے، سعودی حکومت کی ہر ممکن یہی کوشش ہوتی ہے کہ حج عاجزی، سکون اور روحانیت کا اعلیٰ ترین مظہر ہو۔
سعودی وزیر نے کہا کہ ہم امن کو یقینی بنانے کے خواہاں ہیں تاکہ ہر کوئی آسانی کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکے۔
عرفات کے علاقے میں گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے مسجد نمرہ کے ارد گرد سڑکوں پر سفید رنگ کردیا گیا۔سعودی عرب کی جنرل روڈز اتھارٹی کا کہنا ہے سڑکوں پر مخصوص قسم کا سفید رنگ لگانے سے سطح کی حرارت میں بیس ڈگری سیلسیس تک کمی ہوجاتی ہے۔
اتھارٹی کے ترجمان عبد العزیزالعتیبی کا کہنا ہے سڑکوں پرلگایا جانے والامخصوص روغن مقامی طور پر تیار ہوا ہے اور اس میں دھوپ کی حرارت کم جذب ہوتی ہے۔
گزشتہ برس منی میں جمرات جانے والے راستے پر یہی روغن لگایا گیا تھا تو وہاں بارہ سے پندرہ ڈگری گرمی کم ہوگئی تھی، اس سال مسجد نمرہ کے 25 ہزار مربع میٹر پر روغن لگایا گیا ہے۔

#pakturkenws#PakTurkNews#riyadhHajjUmrah