لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں پر بجلی گرانے کا فیصلہ کرلیا۔
ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پرفارمنس نہ دینے والے کھلاڑیوں کی تنزلی ہوگی جبکہ کئی بڑے ناموں کو ڈراپ کرنے کے علاوہ سینٹرل کنٹریکٹ سے ہاتھ دھونا بھی پڑسکتا ہے، گزشتہ برس یکم جولائی سے 3 برس کا کنٹریکٹ دیا گیا تھا تاہم اب ٹی20 ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے جائزہ لیا جائے گا۔
قومی ٹیم اس عرصے میں ایشاکپ، بھارت میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈکپ، دورہ آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹرز نے ذکا اشرف کے دور میں دباؤ ڈال کر اپنے معاوضوں میں اضافہ کروایا تھا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور اعلی عہدیدار رات گئے دفاتر میں موجود رہے جہاں ٹیم کی بدترین کارکردگی اور سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔