اسلام آباد(پاک ترک نیوز) مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے بری خبر ،بجلی کی قیمت میں 55پیسے فی یونٹ تک اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) یکم نومبر کو سماعت کرے گی، جس کے بعد درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین پر ایک ماہ کے لیے 8ارب 37 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا میں دائر درخواست میں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری مانگی گئی ہے۔
سرکاری ڈسکوز کے لیے اضافے کی درخواست سی پی پی اے کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 55 پیسے تک اضافے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ماہ ستمبر میں 12 ارب 92 کروڑ یونٹ بجلی کی فروخت ہوئی۔ ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار 37.55 فیصد رہی۔ سی پی پی اے کے مطابق ستمبر میں آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 15.95 فیصد اور فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار 1.80 فیصد رہی۔