وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوگئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزراء پر مشتمل وفد بھی ہے، وزیراعظم کا اپنے انتخاب کے بعد یہ متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے۔
دونوں رہنما تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم کی دیگر اماراتی شخصیات اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیرِ اعظم اپنے دورے کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی پاکستانی اور متحدہ عرب امارات کی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے. وزیرِ اعظم اس موقع پر گفتگو بھی کریں گے۔
اسکے علاوہ وزیرِ اعظم متحدہ عرب امارات کے اعلی حکومتی عہدیداروں اور اماراتی کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرِ اعظم کا دورہ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین موجود دیرینہ برادرانہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے. وزیرِ اعظم کی اعلی اماراتی قیادت اور کاروباری برادرای سے ملاقاتیں حکومت کی سفارتی کامیابیوں اور دوست ممالک کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہیں.

#PakTurkNews#primemnister#shahbazsharif#shaikhmuhammadbizaid#unitedarabemiratesUAE