وزیراعظم شہبازشریف آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پر آج سعودی عرب جائیں گے۔
وزیراعظم وفد کے ہمراہ کمرشل فلائٹ سے سعودی عرب جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا منصب سنبھالیں کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کاکہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبویؐ میں نماز ادا کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔
وزیراعظم کے ساتھ وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر اعلیٰ حکام بھی سعودی عرب جائیں گے ۔
وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان دورے کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

#PakTurkNews#pmln#primeminister#saudaiarbia#shahbazsharifHajjUmrah