پیرس (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ملاقات ہوئی۔
ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے موضوع پر منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر صدر میکرون کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہی اجلاس میں دعوت دینے اور پرتپاک میزبانی پر صدر میکرون کا شکریہ ادا کیا ۔
وزیراعظم نے فرانس کے صدر سے گفتگو میں کہاکہ آپ نے ترقی پزیر ممالک کے ساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا، آپ کا شکریہ۔ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی، قرض اور سود کی ادائیگیوں کے بوجھ اور منجمد ترقی کے مسائل درپیش ہیں۔
نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت قرض کی دلدل میں ڈوبے ترقی پزیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ریلیف مل سکے۔موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے مسائل کا شکار ترقی پزیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔اہم مسئلہ پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی آپ نے اہم کاوش کی۔
فرانسیسی صدر میکرون نے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ۔دونوں راہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔