وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور مصری صدر سے ملاقات

پیرس (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کی۔دونوں قائدین کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم کا جوابی خیرسگالی کے پرجوش جذبات سے خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ آپ کو پاکستان کا محسن تصور کرتے ہیں، سیلاب کے موقع پر آپ کی مدد بھول نہیں سکتے۔موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے آپ عینی شاہد ہیں۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے اور رہے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ترقی پزیر ممالک پر معاشی دباؤمزید بڑھا گیا ہے۔ترقی پزیر ممالک میں شرح نمو بڑھانے اور مالیاتی توازن برقرار رکھنے میں نئے مسائل درپیش ہیں۔
کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پزیر ممالک کی مالیاتی مدد کے لئے بروئے کار لایاجائے۔نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس میں سربراہی کانفرنس ایک اچھی اور درست سمت میں شروعات ہیں۔


موسمیاتی انصاف کے ساتھ ترقی پزیر ممالک کے ساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعظم اور ان کی حکومت کے جذبے کو سراہا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف سے مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات ہوئی۔دونوں راہنماؤں نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی ۔
وزیراعظم نے کوپ27 کے شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو اہم پیش رفت قرار دیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شرم الشیخ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے عزم سے عالمی سطح پر ایک اہم پیش رفت کی بنیاد رکھی ہے۔شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہارکیاگیا، وہ بتدریج آگے بڑھ رہاہے۔
دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا ۔دونوں قائدین نے عالمی وعلاقائی امور پر باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

#egyptpresident#PakTurkNews#paris#primeministger#shahbazsharif#UN#unsecretararygeneralfrance