بنگلادیش میں مظاہرین کا تھانے پر حملہ؛ 13 پولیس اہلکار ہلاک

ڈھاکا(پاک ترک نیوز) بنگلادیش کے علاقے سراج گنج میں عنایت پور تھانے پر حملے میں 13 پولیس اہلکار مارے گئے۔
بنگلادیش میں سول نافرمانی کی تحریک کے دوران چند مشتعل افراد نے عنایت پور تھانے پر دھاوا بول دیا۔مشتعل ہجوم نے تھانے میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور ایک حصے کو آگ لگادی۔ ہجوم نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
بنگلادیش پولیس کے ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں عنایت پور تھانے میں کم از کم 13 اہلکار کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ ملک بھر کے درجنوں تھانوں پر حملے میں 300 سے زائد اہلکار زخمی ہوئے۔
سول نافرمانی کی تحریک کے دوران ملک بھر کے کئی تھانوں پر حملے کیے گئے ہیں جن میں ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس کے جترا باڑی اور کھلگاؤں تھانے، تانگیل میں گورائی ہائی وے پولیس اسٹیشن، بوگرا میں شیرپور تھانہ، جوئے پورہاٹ شامل ہیں۔
جوئے پورہاٹ میں صدر پولیس اسٹیشن، کومیلا میں ایلیوٹ گنج ہائی وے پولیس اسٹیشن، برہمن بیڑیا کے اشو گنج تھانہ، اور سراج گنج کے شہزاد پور تھانے کے ساتھ ساتھ نارائن گنج، بوگرہ، پبنا اور سراج گنج میں پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفاتر پر حملے ہوئے۔
یاد رہے کہ بنگلادیش میں سول نفرمانی کی تحریک میں اب تک 97سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں۔

#dhaka#PakTurkNewsBangladesh