بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح، وزیراعظم

اسلام آباد( پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک مقیمُ پاکستانیوں کے لیے عالمی معیار کی حامل رہائشی سہولتیں تعمیر کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سابق ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل، چئیرمین CDA کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت میں جدید سہولیات سے آراستہ ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کیے جائیںگے۔اس ضمن میں عالمی شہرت کی حامل تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی ان ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلدمکمل کیا جائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 

#financeminister#ishaqdar#islamabad#overseasepakistani#PakTurkNews#primeminister#shahbazsharif