لاہور (پاک ترک نیوز) پردھان پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی/ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے دس ممبران کے ہمراہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے کمیٹی روم میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے میر علی چیک پوسٹ پر حملے کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ اسطرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے ۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ یاتریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئےماہ اپریل میں ” بیساکھی میلہ اور گردواروں کے امور بارے میڈیا نمائندگان کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسی سال تین گوردواروں کو فعال کرائیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ 2018 میں سکھ میرج ایکٹ پاس کرایا تھا اور اب بہت جلد صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد لاگو کروائیں گے۔
رمیش سنگھ نے کہا کہ پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی نوٹیفائ ہو چکی ہے، دس رکنی کمیٹی اپنے تمام تر امور کی جوابدہ ہو گی تاہم گوردواروں کے معاملات کو بخوبی چلا نے کے لئے کمیٹی کا سیکرٹریٹ بنانے جا رہے ہیں ۔
رمیش سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ گوردواروں کی زمینوں پر قبضے ختم کرائیں گے اور سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لیے بھارتی سکھ یاتریوں کے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ سکھ یاتریوں کی رہائش کے لیے گوردواروں میں جگہ بنائی جائے گی۔
پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کے تحت ویزے جاری کئے جائیں گے جبکہ حکومت پاکستان نے بیساکھی میلہ تقریبات کے انعقاد کے لئے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔ یاتری 13 اپریل کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔ یاتریوں کو پاکستان میں قیام، طعام، میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کے احکامات دے رکھے ہیں اور امید ہے کہ خصوصی ٹرین سے سکھ یاتریوں کی گوردواروں کی یاترا آسان ہو جائے گی۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ بھارتی سکھ یاتریوں کا لاہور میں قیام بڑھا کر دو روز کر رہے ہیں۔ مقامی سکھ یاتریوں کے لئے کرتار پور میں پانچ ڈالر فیس ختم کر رہے ہیں جبکہ دس رکنی سکھ انٹرنیشنل ایڈوائزری کونسل بنا رہے ہیں اور ایڈوائزری کونسل کی سفارشات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا لاہور میں مرکزی دفتر بنائیں گے تاہم یہ اقدام قابل فخر ہے کہ پہلی مرتبہ کوئ خاتون کمیٹی کی جنرل سیکرٹری بنی ہے تاہم چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں کمیٹی کے سب آفس بنائیں گے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ سکھوں کی زمینوں پر قبضے ختم کروائیں گے جبکہ بیساکھی تہوار سے سکھ میرج ایکٹ کو لاگو کر نے کے لئے کوشاں ہیں ۔رمیش سنگھ اروڑہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپنی وزارت کا پانچ سالہ روڈ میپ بنا رہے ہیں تاکہ ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ پہلی بار سکھ کمیونٹی کو صوبائی کابینہ میں شامل کر کے دنیا بھر میں مثبت پیغام دیا گیا ہے جبکہ تمام وفاقی،صوبائی اور ضلعی ادارے ایک پیج پر ہیں۔ رمیش سنگھ نے مزید کہا کہ نانک شاہی کیلنڈر کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے جبکہ مہمانوں کی سیوا کرنا ہمار فرض ہے ، اور ہم اپنا فرض بخونی سر انجام دیں گے۔