پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات 5 فروری کوہونگے

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے دوبارہ انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری کوہونگے، باضابطہ شیڈول جاری کردیا گیا۔
تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری بروز سوموار منعقد کروائے جائیں گے، اس حوالے سے تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر نے انٹراپارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے تمام رجسٹرد ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں پاکستان بھر میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں ، پارٹی ممبران اپنا ووٹ رابطہ ایپلی کیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔
31 جنوری 2024 تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی ، انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہو گی۔
الیکشن کے تفصیلی طریقہ کار کی وضاحت الیکشن رولز، 2020 میں موجود ہے جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے جبکہ پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا ۔
الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹریبونل کی تاریخ کا اعلان یکم فروری 2024 کو کیا جائے گا۔
کاغذات نامزدگی یکم سے 2 فروری 2024 تک تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری 2024 کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے۔
انٹرا پارٹی الیکشن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل 3 فروری 2024 کو ہو گا ، کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اعتراضات جمع کروانے کا وقت 3 فروری 2024 رات 10 بجے تک ہوگا۔
انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی جبکہ انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری 2024 بروز منگل کیا جائے گا۔تحریک انصاف نے صوبائی سطح پر الیکشن کمشنر بھی مقرر کر دیے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جنرل باڈی نے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے چیف الیکشن کمشنر اور اراکین الیکشن کمیشن کی منظوری دی تھی، پارٹی آئین کے تحت 15 دن کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کی قرارداد منظورکی گئی تھی۔

#chairmanpti#elecation#intrapartyelecation#islamabad#PakTurkNews#pti