پنجاب حکومت کا سموگ کے خاتمے کیلئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ

لاہور(پاک ترک نیوز) پنجاب حکومت نے سموگ کے خاتمے اور ماحول کو بہتر بنانے کیلئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی (انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی) بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اتھارٹی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات اور قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں سموگ کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہر شعبے کے لحاظ سے قوانین اور ضابطوں پر عملدرآمد کیلئے ہنگامی اقدامات کا ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے، ماحول کے تحفظ کیلئے خصوصی فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کونسا شعبہ سموگ میں کتنے اضافے کی وجہ بن رہا ہے اس حوالے سے ڈیجیٹل ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جا رہا ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے اور خراب انجن والی گاڑیوں کو بند کیا جائے گا، خراب انجن والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور سرٹیفکیشن کا نظام لایا جا رہا، زہریلے دھوئیں پر کنٹرول کے لئے تمام صنعتوں کو "ایمشن کنٹرول سسٹمز” لگانے کا پابند کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ، زہریلے مادوں اور دھوئیں کے اخراج کے ذرائع پر کریک ڈاؤن ہوگا، صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹے بند کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شعبہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں سموگ مانیٹرنگ سیکٹورل سیل بنایا گیا ہے جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ موجود ہے، ماحول کی بہتری کیلئے وزیراعلیٰ کے وژن پر عمل درآمد کیلئے لیگل فریم ورک بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔

#authorty#Lahore#maryamauragzaib#PakTurkNews#smog#weahter