قلندرز اور زلمی دوسرے ایلیمنیٹر میں آج مد مقابل ، بارش کی بھی پیشگوئی

 

لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن8 کا دوسرا ایلیمنیٹر آج لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ بارش سے میچ متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔
تفصیلات کےمطابق لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں آج لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا اہم ترین ہو گا میچ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح ہلکی بارش کے بعد جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں محکمہ موسمیات نے سہ پہر میں دوبارہ بارش کی پیشگوئی کردی ہے، اگر میچ متاثر ہوتا ہے تو لاہور قلندرز کی ٹیم فائنل کا ٹکٹ کٹوا لے گی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بارش کے باوجود میچ وقت پر شروع ہونے کا امکان ہے تاہم اگر دوبارہ تیز بارش کا سپیل آتا ہے تو اس سے گراؤنڈ سٹاف کے لیے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے، اگر میچ کا نتیجہ نہیں نکلتا یا میچ مکمل نہیں ہوپاتا تواس کا فائدہ لاہور قلندرز کو ہوگا۔
لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر قلندرز کے پوائنٹس کی تعداد 14 ہے جبکہ پشاور زلمی کے 10 پوائنٹس ہیں اور یہی سبقت اسے فائنل کھیلنے کا حقدار بنانے کیلئے کافی ہے۔
دوسری جانب لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان معرکے کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں تاہم شائقین شاہین اور بابر کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ دیکھنے کیلئے بے چین ہیں۔
یاد رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے، ایونٹ کا فائنل 18 مارچ ہو کھیلا جائے گا۔

#Lahore#lahoreqalandars#multansultans#PakTurkNews#psl#psl8