وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
ملک کے مختلف علاقوں میں رات سے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں آہستہ بارش ہوئی۔بارش کے باعث ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔
جلال پور بھٹیاں میں بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔ جس کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ بارش کے ساتھ ہی گیپکو ڈویژن کے تمام فیڈز ٹرپ کر گئے اور کئی گھنٹے تک شہری بجلی سے محروم رہے۔
جہلم کی تحصیل دینہ سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
میانوالی اور اس کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں آہستہ بارش ہوئی۔ میانوالی میں بھی بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہو گئی۔
سیالکوٹ شہر اور اس کے گردونواح جبکہ حافظ آباد میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی۔ جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
خیبر پختونخوا کے بھی مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیر کے علاقے کمراٹ ویلی میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ جو تین سے چار روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔

#heavyrain#islamabad#Lahore#PakTurkNews#rain#weather