مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
رواں سال حج کی تیاریوں کے سلسلے میں عازمین حج کے لئے رہائشی عمارتوں کے لئے اجازت ناموں کے اجرا کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو شوال کے آخر تک جاری رہے گا۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابقعازمین حج کو رہائش فراہم کرنے والی کمیٹی نے بدھ کے روز جاری ہونے والے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مدینہ منورہ میں رہائشی عمارتوں کے اجازت ناموں کی درخواستیں شوال کے آخر تک وصول کی جائیں گی۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’شوال کے بعد کسی بھی عمارت کو اجازت نامہ جاری نہیں ہوگا‘۔
کمیٹی نے عازمین حج کو رہائش فراہم کرنے کے خواہشمند عمارتوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے اجازت نامے کی درخواست جمع کرائیں۔کمیٹی نے کہا ہے کہ ’وقت پر اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے عمارتوں کے مالکان کو چاہئے کہ وہ عازمین حج کی رہائش کے ضوابط جلد از جلد مکمل کرلیں‘۔
واضح رہے کہ عازمین حج کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں فراہم کی جانے والی رہائش کے لیے اجازت نامہ ضروری ہے ۔