حاجیوں کے لئے عمارتوں کے پرمٹ جاری کرنے کی درخواستیں طلب، پاکستان جلد انتظامات کو حتمی شکل دے گا۔ نگران وزیر مذہبی امور

مدینہ منورہ (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب میں اسکان الحجاج کمیٹی مکہ مکرمہ نے آئندہ سال 2024 میں حج پر آنے والے غیرملکی عازمین کےلیے رہائشی عمارتوں کے پرمٹ حا صل کرنےکے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا ہے۔ اور اس حوالے سے پاکستانی وزارت حج نے انتظامات کو حتمی شکل دینے کا کاام شروع کر دیا ہے۔
سعودی حکومت عازمین کو اپنی عمارتوں میں رہائش فراہم کرنے کے خواہش مند مالکان سے ہر سال درخواستیں وصول کرتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی مقرر ہے جسے اسکان الحجاج کا نام دیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کا کہنا ہےاس سال عازمین کی رہائش کے لیے مجوزہ عمارتوں کی پرمٹ درخواستیں انجینیئر کنسلٹینٹس کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ اسکان الحجاج کمیٹی نے عمارتوں کے مالکان اور انہیں ٹھیکوں پر حاصل کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق درخواسیتں جمع کرائیں۔
مزید براںپاکستان کے نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد بھی گذشتہ روز مدینہ منورہ پہنچے ہیں جہاں انہوں نے سعودی حکام، ڈی جی رابطہ عالم اسلامی، کیٹرنگ اور رہائشی گروپوں کے نمائندوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔وزارت حج و مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق نگراں وزیر مذہبی امور حج انتظامات کوحتمی شکل دینے پانچ روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔
انیق احمد نے سعودی حکام سے ملاقات میں روٹ ٹو مکہ کی کراچی تک توسیع اور ریاض الجنہ کی زیارت کےلیے سعودی حکام کی کوششوں کو سراہا اور اسے زائرین کےلیے مزید سہل بنانے کی درخواست کی۔
انیق احمد نے کہا کہ اس سال مدینہ منورہ مرکزیہ میں رہائش کے حصول کےلیے جلد معاہدے کیے جائیں گےاور پروازوں کے شیڈول کو جلد حتمی بنایا جائے گا۔انہوں نے آج مدینہ منورہ میں حجاج کے ذمہ دار ادارے ادلہ کے چیئرمین عصام عبدالعزیز دمیاطی سے بھی ملاقات کی ہے۔ جس میںانہیں حجاج و معتمرین کےلیے پیش کی جانے والی خدمات سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ جبکہ دو سعودی کمپنیوں دلیل الزوار اور اسناد کی جانب سے پاکستانی حجاج کے لئے رہائش سمیت جملہ خدمات پر مبنی حج پیکج کی پیشکش کی گئی۔
دریں اثنانگراں وزیر آج دارالحکومت ریاض میں سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی اور سعودی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

#flight#madinamunawra#makkahmukarama#PakTurkNews#saudiarbiaHajjUmrah