اسلام آباد / گوجرانوالا(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کارکن اور سوشل ورکر صنم جاوید کو سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا ہوتے ہی اسلام آباد پولیس گرفتار کرکے ساتھ لے گئی۔
صنم جاوید آج سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے عدالتی حکم پر رہا کیا گیا، انسداد دہشت گردی گوجرانوالہ کے جج نعیم سلیم نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر ان کی رہائی کے روبکار کیے تھے تاہم جیل سے باہر نکلتے ہی انہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے صنم جاوید کو نو مئی کے مقدمے سے بری کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
وکلا عدالتی احکامات کے ساتھ جیل پہنچے، جیل انتظامیہ نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا مگر ان کی رہائی سے قبل ہی اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری گوجرانوالہ پولیس، جیل کے باہر کھڑے تھے جو صنم جاوید کو رہا ہوتے ہی ساتھ لے گئے۔
پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی رہائی اور گرفتاری کے وقت گوجرانوالہ جیل آنے اور جانے والے تمام راستے آٹھ گھنٹے تک بند رہے۔
اسلام آباد پولیس نے صنم جاوید کی دوبارہ گرفتاری کے وقت کسی کو بھی حتیٰ کہ اہل خانہ کو بھی صنم جاوید کے پاس پہنچنے نہیں دیا اور نہ ہی گرفتاری کی کوئی وجہ بتائی۔