ثانیہ مرزا نے ٹینس کو خیرباد کہہ دیا

لاہور (پاک ترک نیوز ) معروف بھارتی ٹینس سٹار اورپاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے ٹینس کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا ۔

تفصیلات کے مطابق ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا کی جوڑی کو آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست ہوگئی، یہ میچ ثانیہ مرزا کے کیرئیر کے آخری میچ تھا جس میں بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا آبدیدہ ہوگئیں ۔ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اس موقع پر کہا کہ فاتح جوڑی نے ہم سے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

کیریئر کے اختتام پر ثانیہ مرزا اپنے آنسو روک نہ سکیں ، میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹینس سٹار نے کہا کہ کیریئر کا آخری میچ کھیلنے پر خوش ہوں ، میرا پروفیشنل کیریئر میلبورن سے شروع ہوا اور اپنا کیریئرختم کرنے کے لیے اس سے بہتر میدان کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی ۔

آسٹریلین اوپن ڈبلز کے فائنل میچ میں فاتح برازیلین جوڑی نے بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے ہم وطن جوڑی دار روہن بھوپنا کو ہرادیا ۔

ثانیہ مرزا نے مزید کہا کہ اپنے کیریئر سے مطمئن ہوں اور اپنے والدین اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں ۔36 سالہ ٹینس سٹار پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں کہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ان کا آخری گرینڈ سلام ہوگا۔

ثانیہ مرزا نے سال 2022 کے آخر میں ریٹائرمنٹ کا پلان کیا تھا لیکن اگست میں انجری کی وجہ سے وہ یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھیں۔

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے سال 2005 میں کیریئر کا آغاز کیا ، آبائی شہر حیدرآباد ایونٹ میں کامیابی حاصل کی تو وہ بھارت میں ڈبلیو ٹی اے سنگلز ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون تھیں ، اس کے بعد وہ 2007 تک عالمی رینکنگ میں شامل رہیں جہاں ان کا نمبر 27 واں رہا۔

ٹینس اسٹار 2007 میں خواتین کی سرفہرست 30 خواتین کھلاڑیوں میں شامل ہوئی تھیں ، اگلے چار برسوں تک ثانیہ کا شمار ٹینس کے 35 بہترین کھلاڑیوں میں شامل رہا لیکن کلائی اور گھٹنے کی انجریز نے ان کے سنگلز کیرئیر کا خاتمہ کیا ۔

ثانیہ مرزا نے کیرئیر میں  43 ڈبلیو ٹی اے اور 6 گرینڈ سلام ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں ، 2009سے  2016 کے درمیان انہوں نے تین ویمن ٹائٹلزاور تین مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتے ۔

ثانیہ نے 2015 میں ویمن ڈبلز رینکنگ میں عالمی نمبرایک ہونے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

ثانیہ مرزا کو ٹینس کے علاوہ ذاتی زندگی میں بھی کافی شہرت ملی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے ان کی شادی بھی شامل ہے، ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔

#austrlia#austrlianopen#indian#PakTurkNews#ravibhopana#saniamirza#tennisindia