جدہ(پاک ترک نیوز) سعودی عرب اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے طالبان کی جانب سے کابل میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم پرپابندی عائد کرنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ افغان حکومت اپنا فیصلہ واپس لے ۔دوسری جانب او آئی سی نے بھی افغان خواتین پر یونیورسٹیوں کے دروازے بند کرنے پرافغان حکومت کی مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس فیصلے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام مسلم ممالک کو بھی اس پرحیرت ہے۔
سعودی وزارت نے کہا کہ یہ فیصلہ افغان خواتین کے جائز شرعی حقوق کے بھی منافی ہے، ان حقوق میں تعلیم کا حق سرفہرست ہے جس کی بدولت خواتین اپنے ملک اورعوام کی خوشحالی، ترقی اور امن و استحکام میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے ایک بیان میں افغان خواتین پر یونیورسٹیوں کے دروازے غیر معینہ مدت تک بند کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔
افغان حکومت کے فیصلے پر اسلامی تعاون تنظیم کو تشویش ہے، سیکرٹری جنرل اوران کے ایلچی برائے افغانستان کئی بار افغان حکام کو اس جیسے فیصلوں کے نتائج سے خبردار کر چکے ہیں۔