سعودی عرب نے برطانوی شہریوں کو ای وی ڈبلیو کے تحت ویزا سے استثنیٰ دے دیا

ریاض(پاک ترک نیوز)

— سعودی وزارت خارجہ نے برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے شہریوں کے لیے مملکت میں داخلے کے لیے الیکٹرانک ویزا ویور (ای وی ڈبلیو) کا آغاز کر دیا ہے۔اب سعودی عرب کا سفر کرنے والے تمام برطانوی شہریوں کو وزٹ ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ ایک ہی داخلے پر چھ ماہ تک قیام کرسکیں گے۔

وزارت خارجہ نے اپنے بدھ کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہاہے کہ یہ چھوٹ ان برطانویوں کو دی گئی ہے جو کاروبار، سیاحت، مطالعہ اور علاج کے مقاصد کے لیے مملکت کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ ای وی ڈبلیو سعودی عرب میں ایک ہی داخلے پر چھ ماہ تک کے قیام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ خصوصیت داخلے کے طریقہ کار کی ایک جدید سہولت اور ان چینلز میں سے ایک ہے جس سے برطانیہ کے شہری سعودی عرب کا دورہ کرنے کے لیے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ چھوٹ وزارت خارجہ کے یونیفائیڈ نیشنل ویزا پلیٹ فارم سے نامزد کردہ درخواست کو پُر کرکے حاصل کی جاسکتی ہے۔ بشرطیکہ درخواست سعودی عرب کے سفر کی تاریخ سےزیادہ سے زیادہ 90 دن اور کم سےکم 48 گھنٹے قبل جمع کرائی جائے۔ . ویزا کی منظوری درخواست جمع کروانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ای میل کے ذریعے فائدہ اٹھانے والے کو بھیجی جائے گی۔

#british#england#PakTurkNews#riyadh#saudairabia#visaEV