ریاض (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب اپنے قومی ترقی کے پروگرام 2030 کے تحت سالانہ 10 کروڑسیاحوں کو راغب کرنے کا ہدف رکھتا ہے کیونکہ سعودی عرب ٹریول ہاٹ سپاٹ اور دنیا کے سب سے زیادہ دیکھنے والے ممالک میں سے ایک بننے کے لیے 800 ارب ڈالر کی لاگت کے منصوبےپر عمل درآمد کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے دارالحکومت ریاض کے شمال میں واقع الدرعیہ میں عالمی یوم سیاحت کے موقع پر ایک گالا ایونٹ میں کیا۔ جس میں 120 ممالک کے 500 سے زیادہ حکام،سیاحت کے رہنماؤں اور ماہرین نے شرکت کی ہے۔مہمانوں میں سیاحت کے 50 وزرا بھی شامل تھے جو سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کی میزبانی میں منعقدہ کانفرنسوں، اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کے انیشیٹوز اور نجی شعبے کے اجلاسوں کے سلسلے میں مملکت میں موجود تھے۔یو این ڈبلیو ٹی او کے سیکریٹری جنرل زوراب پولیکا شیولی کو اس تقریب کے دوران سیشنز اور سرگرمیوں میں ان کی قیادت اور شراکت کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2022 میں اپنے تاریخی افتتاح کے بعد سے الدرعیہ پہلے ہی دس لاکھ وزیٹرز کا خیرمقدم کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب 2030 تک سالانہ 10 کروڑسیاحوں کو راغب کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ کیونکہ یہ ٹریول ہاٹ سپاٹ اور دنیا کے سب سے زیادہ دیکھنے والے ممالک میں سے ایک بننے کے لیے 800 ارب ڈالر کی لاگت کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔
احمد الخطیب نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں پہلے ہی سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ملک ہے اور دہائی کے آخر تک یہ شعبہ مملکت کی جی ڈی پی میں 10 فیصد سے زیادہ حصہ ڈالے گا۔الدرعیہ کے سی ای او جیری انزیریلو نے کہا کہ یہ مناسب تھا کہ گالا ایونٹ کی میزبانی کے لیے الدرعیہ کو چنا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ الدرعیہ کمپنی ملکت کی بھرپور تاریخ کے ساتھ ایک تعلق کو مجسم کرتی ہے جہاں ایک قوم پیدا ہوئی تھی۔