روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کیلئے سعودی امیگریشن وفد کی کراچی آمد

کراچی (پاک ترک نیوز) شہر قائد کراچی میں عازمین حج کیلئے ترتیب دیا گیا روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔کراچی ہوائی اڈے کے انٹر نیشنل لائونج میں امیگریشن کی سہولت سرانجام دینے کے لیے سعودی وفد کراچی پہنچ گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ خان نے بتایا کہ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے لیے 44 رکنی سعودی امیگریشن کا وفد کراچی پہنچ گیا ہے۔
وفد کا استقبال سعودیہ عرب کے قائم مقام قونصل جنرل، ڈائریکٹر حج، ڈپٹی ایئرپورٹ منیجر نے کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس ( اے ایس ایف)، محکمہ کسٹمز، اے این ایف اور بی ایچ ایس کے افسران سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
سعودی وفد میں امیگریشن ٹیم سمیت دیگر عملہ شامل ہے، جو حج آپریشن میں روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں اپنے فرائض کراچی ایئر پورٹ پر سرانجام دے گا۔
روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کی تیاریوں کے حوالے سے سیف اللہ خان کا کہنا تھا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پاکستان اور سعودی حکومت کا مشترکہ پراجیکٹ ہے۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے کراچی سے حج ادائیگی کے لیے جانے والوں کو امیگریشن کی سہولت کراچی ایئرپورٹ پر ہی فراہم کی جائیں گی۔ عازمین حج امیگریشن سمیت دیگر پروسس پاکستان سے ہی مکمل کرکے سعودی عرب پہنچیں گے۔ سعودی عرب پہنچنے پر عازمین حج کسی بھی ایئرپورٹ سے بنا امیگریشن کے ہی ایئرپورٹ سے باہر جاسکیں گے۔
ڈائریکٹر حج کراچی امیتاز علی شاہ کے مطابق روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت صرف سرکاری حج سکیم کے تحت سفر کرنے والے عازمین حج کو میسر ہوگی۔ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت رواں سال سولہ ہزار سے زائد عازمین حج کو کراچی ایئر پورٹ سے رخصت کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ تقریباً 15 ہزار عازمین حج کمرشل پروازوں کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ سے سفر کریں گے۔ یہ عازمین حج روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی ایئر پورٹ سے قومی ایئرلائن کی سکھر سے پانچ اور کوئٹہ سے 21 ٹرانزٹ حج فلائٹس بھی آپریٹ ہوں گی۔ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں کام کرنے والے سعودی عملے کے لیے بین الاقوامی ڈیپارچر سیٹیلائیٹ ایریا میں آٹھ کاونٹر اور آلات نصب ہوں گے۔ پراجیکٹ کے تحت کراچی ایئر پورٹ سے پہلی پرواز 9 مئی اور آخری پرواز 8 کو آپریٹ ہوگی۔
واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ اسلام آباد میں شروع کیا گیا تھا۔ پہلے فیز کے کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد سعودی حکومت نے اس منصوبے کو پاکستان کے دیگر شہروں سے بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل رواں ماہ 3 مئی کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تناظر میں قبل از حج میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ حج انتظامات کے حوالے سے میٹنگ میں تمام ایئرپورٹ سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ سی اے اے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق میٹنگ کا مقصد ایئرپورٹ پر عازمین حج کے حوالے سے مختلف مراحل کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ روٹ ٹو مکہ کے تحت سفر کرنے والے حاجیوں کے ٹرمینل میں داخل ہونے سے بین الاقوامی ڈیپارچر سیٹیلائیٹ تک مراحل پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے تمام ایئرپورٹ سٹیک ہولڈرز کو ہدایت جاری کی تھی کہ عازمین حج کی آسانی اور اس حوالے سے انتظامات کو یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایئرلائنز ایئرپورٹ پر روٹ ٹو مکہ کی تحت سفر کرنے والے اپنے عازمین حج کی شناخت کا واضح اور آسان طریقہ کار وضع کریں، اس کے علاوہ پارکنگ منصوبہ بندی کے لیے ایئرلائنز اپنا اپنا حج فلائیٹ شیڈول اور ایئرکرافٹ ٹائپ بروقت فراہم کریں۔ بارڈر ہیلتھ سروسز عازمین حج کی صحت کے حوالے سے خصوصی معاونت کے لیے ہمہ وقت تیار رہے۔ کمبائنڈ سرچ کاونٹر پر ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کم سے کم وقت میں حاجیوں کا سامان چیک کریں۔

#aiprort#PakTurkNews#routetomeccaHajjkarachiUmrah