سعودی وزیر حج و عمرہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد(پاک ترک نیوز)

سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ اپنے پاکستان اور بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ۔

گذشتہ شام جب سعودی مہمانوں کا جہاز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا تونگران وزیر مذہبی امور انیق احمد، سعودی سفیر نواف المالکی، سابق وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود، وزارت کے دیگر حکام نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

مذہبی امور کی وزارت کے ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ حرمین الشریفین کے انتظامی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔

بیان کے مطابق معزز مہمان کے ہمراہ ڈپٹی وزراء حج عمرہ، سیاحت، عالمی تعاون، سعودی ایئرلائن کے صدر، سعودی ایوی ایشن کے نمائندے وفد میں شامل ہیں۔

سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر حج و عمرہ کے دوروں کا مقصد عمرہ کے نظام کی ترقی اور حرمین شریفین کے زائرین کے سفر میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات میں پیش رفت ہے۔اس دوران وزیر حج وژن 2030 کے اہداف کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش سے عمرہ پر آنے والوں کی آمد کے طریقہ کار کو مزید بہتر کرنے پر دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام سے تبادلہ خیال بھی کریں گے۔

وزیرحج ڈاکٹر توفیق الربیعہ جو عازمین حج و عمرہ کی خدمت پروگرام کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔ وہ اپنے پاکستان کے دورے میں کئی عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔جس میں نگران وزیر اعظم اور پاک فوج کے سربراہ بھی شامل ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے سعودی وزیر حج کے دورے 2022 میں شروع کیے گئے بین الاقوامی دوروں کی سیریز کا حصہ ہیں۔

#islamabad#islamabd#PakTurkNews#saudiarabia#saudiministerhajjHajjUmrah