شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ صدر، مریم نواز سینئر نائب صدر منتخب

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل نے وزیراعظم شہباز شریف کو صدر منتخب کرلیا۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ کونسل میں ن لیگ کے کئی عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔
شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر، مریم نواز شریف سینئر نائب صدر، احسن اقبال جنرل سیکرٹری، مریم اورنگزیب سیکرٹری اطلاعات، عطاء تارڑ ڈپٹی سیکریٹری، اسحاق ڈار فنانس سیکرٹری اوورسیز کے صدر منتخب ہوئے۔
یہ تمام عہدے دار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ، صدر سندھ شاہ محمد شاہ، صدر خیبرپختونخوا امیر مقام سمیت مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے بھی اجلاس میں شرکت کی، ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی بیرون ملک ہونے کے باعث جنرل کونسل اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔
پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس میں خطاب کے دوران مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب حکومت سنبھالی تو پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، مشکل ترین حالات کے باوجود وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی معیشت کو چلایا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے ہر کارکن کے دل میں بستے ہیں، کارکنوں کے چٹان کی طرح ساتھ دینے پر آج پارٹی مضبوط ہے، شہباز شریف نے کوئی بھی فیصلہ نواز شریف کے مشورے کے بغیر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ محمد نواز شریف کو اپنا صدر مانا ہے، منتخب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو محمد شہباز شریف نےسہارا دیا۔
سینئر نائب صدرن لیگ نے کہا کہ میں کبھی تقریر کے دوران جذباتی ہوجاتی ہوں تو نواز شریف کا میسج آجاتا ہے بیٹا آرام سے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ نواز شریف نے جلاؤ گھیراؤ کی کبھی ترغیب دی ہو۔

انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود نواز شریف نے صبر و اعلیٰ اخلاق کا دامن نہیں چھوڑا، نواز شریف نے کبھی قوم کو توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کا درس نہیں دیا، لیڈر قوم کا استاد ہوتا ہے اور لیڈر قوم کے لیے مثال ہوتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کیا کسی نے کبھی سیاست یا جماعت چھوڑنے کا کہا؟ تبدیلیاں لانے والے جہاں سے آئے تھے وہیں چلے گئے، میری گرفتاری پر نواز شریف نے نیب افسران کو کہا یاد رکھنا وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔

#ahsaniqbal#maryamanwaz#PakTurkNews#pmln#primemnister#shahbazsharif