اسلام آباد (پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے رہنما شہر یار آفریدی کا کہنا ہے کہ صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مذاکرات چاہتے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران شہر یار آفریدی نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بدترین دھاندلی کے باوجود یہ بری طرح ناکام ہوئے ہیں، ان میں اخلاقی جرات ہے تو خود کہیں کہ ہمیں عوام نے ووٹ نہیں دیا، حکومت چھوڑ دیں۔
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا یہ خود محتاج ہیں، ریموٹ کنٹرول سے کنٹرول ہوتے ہیں، فارم 47 کے ذریعے ایوان میں آ گئے ہیں، عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے، یہ ہم سے کیا مذاکرات کریں گے؟
شہر یار آفریدی نے مزید کہا کہ فوج سے مذاکرات ہوں گے اور بہت جلد ہوں گے، ان لوگوں کو سٹیبلشمنٹ نے سپورٹ کیا ہے، میرا لیڈر کوئی این آر او نہیں چاہتا، پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے مذاکرات چاہتے ہیں۔