سندھ کا 2100 ارب سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

کراچی(پاک ترک نیوز) صوبہ سندھ کا 2100ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا۔بجٹ سندھ اسمبلی میں آج دوپہر 3 بجے پیش کیا جائے گا۔
آئندہ مالی سال 24-2023 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 سے 40 فیصد اضافے کا امکان ہے، ترقیاتی بجٹ میں کراچی کے لیے غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔ترقیاتی بجٹ کے لیے 410 ارب روپے مقرر کیے گئے۔مراد علی شاہ نے بجٹ کی منظوری کے لیے سندھ کابینہ کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کرلیا ہے۔
ترقیاتی بجٹ کا فوکس 2022 کی بارشوں اور سیلاب کے دوران تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی بحالی پر رکھا گیا ہے۔صوبے میں جاری3311 سکیموں کے لیے 291.727 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن، کو آرڈی نیشن کے ڈپٹی سیکرٹری کیبنٹ نے شیڈول جاری کردیا ہے۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاھ کی زیر صدارت اجلاس 11 بجے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہو گا، جس میں وزراء، مشیر، معاونین خاص اور افسران شریک ہوں گے۔
اجلاس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، جس میں گزشتہ سندھ کابینہ اجلاس کے منٹس کی منظوری لی جائے گی۔
اجلاس میں نئے مالی سال 24-2023 کے بجٹ کی منظوری لی جائے گی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 24-2023 کی بھی منظوری لی جائے گی۔

#PakTurkNews#panshion#salary#sindhBudgetkarachi