اسلام آباد(پاک ترک نیوز) موسمیاتی تبدیلی کے باعث بابو سر ٹاپ پر جولائی میں ہی برفباری کا آغاز ہو گیا۔برفباری کے باعث بابوسر روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر سیاحتی مقامات پر بھی پڑ رہا ہے اسی باعث بابو سر ٹاپ پر دوسری بار جولائی میں برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔بابو سر ٹاپ اور دیگر علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی ہے ۔تتہ پانی اور کیڈٹ کالج کے قریب شاہراہ کھولنے کا کام جاری ہے تاہم مینار تھور کے مقام پر سڑک کی بحالی کے لیے ٹیمیں بھیجنے کی کوششیں جاری ہیں۔شاہراہ قراقرم تین مقامات مینار تھور، تتہ پانی اور کیڈٹ کالج کے قریب سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔
دوسری جانب، بالاکوٹ و گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے۔ موسلادھار بارش سے ندی نالوں اور دریائے کنہار میں طغیانی آگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔