تہران(پاک ترک نیوز)
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ملاقات میں کہا ہےکہ پریٹوریا برکس میں ایران کی شمولیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر رامافوسا نے کہا کہ جنوبی افریقہ اس بات میں دلچسپی رکھتا ہے کہ برکس کی جانب سے ایران کو ایک دوست ملک کے طور پر قبول کیا جائے۔انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے افریقی ملک کے سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے متعلق متعدد دستاویزات پر دستخط ہوں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق رواں سال کے دوران ایرانی صدر کے جنوبی افریقہ کے دو دورے متوقع ہیں۔وہ 24 اگست کو فرینڈز آف برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور بعد ازاں موسم خزاں میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے جنوبی افریقہ کا دورہ کریں گے۔
2 مئی کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہاتھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت کے بعد تہران نے برکس میں درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس گروپ میں شامل ہونے کی تیاری کر رہا ہے۔