اسپین نے پہلی بار فیفا ویمن ورلڈ کپ جیت لیا

سڈنی(پاک ترک نیوز) سپین نے پہلی بار فیفا ویمن ورلڈ کپ جیت لیا ۔
فیفا ویمن ورلڈ کپ کے آخری معرکے میں سپین نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے صفر گول سے شکست دی ۔سپین میں جشن کا سماں ہے اور شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ شاندار آتشبازی کی گئی اور ریلیاں نکالی گئیں۔یہ سنسنی خیز میچ 82 ہزار 500 شائقین سے کھچا کھچ بھرے آسٹریلیا کے سڈنی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
گول کی سبقت حاصل کرنے کے لیے دونوں جانب سے تابڑ توڑ حملے ہوئے لیکن دفاعی لائن نے بھرپور مقابلہ کیا۔ انگلینڈ نے ایک موقع ضائع کیا اور پھر سپین کی ٹیم نے منہ توڑ بدلہ لیا۔
سپین کی اولگا کارمونا نے کال ڈینٹی کے خوبصوت پاس سے فٹبال پر ایسی گرفت کی کہ مخالف ٹیم کی دفاعی لائن گیند چھیننے میں ناکام رہی۔
برق رفتاری سے دوڑتیں اسپین کی کھلاڑی اولگا کارمونا کئی کھلاڑیوں کو چکمہ دینے کے بعد بال کو گول پوسٹ میں پھینکنے میں کامیاب ہوگئیں۔
انگلینڈ نے اسپین کی سبقت کو برابر کرنے کے لیے بھرپور حملے کیے لیکن اسپین کی دفاعی کھلاڑی آڑے آتے رہیں تاہم ایک موقع پر انگلینڈ کو پینلٹی کک مل گیا۔
اس موقع پر اسپین کے مداح مایوس ہوگئے اور ایسا لگا کہ ویمن ورلڈ کپ میں پہلی بار فاتح بننے کا خواب ، خواب ہی رہ جائے گا لیکن اسپین کی گول کیپر پُر عزم تھیں۔ ان کا اعتماد قابل دید تھا۔
انگلینڈ کی کھلاڑی نے پینلٹی کک پر ہٹ لگائی جسے اسپین کی گول کیپر نے روک لیا۔ پورا اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اُٹھا۔ انگلینڈ کی ٹیم کا مورال بیٹھ گیا اور اسپین نے فتح کا جشن منانا شروع کردیا۔
لیکن میچ ابھی ختم نہیں ہوا تھا۔ 76 ویں منٹ میں انگلینڈ کو گول کرنے کا ایک اور موقع ملا لیکن اسپین کی کھلاڑی نے اس کو ناکام بنا کر اپنی ٹیم کو وکٹری اسٹینڈ پر پہنچا دیا۔
سپین کی ہی کھلاڑی ایٹانا بونمیٹی کو ورلڈ کپ 2023 میں بہترین کارکردگی پر فیفا گولڈن بال ایوارڈ دیا گیا۔

 

#austrlia#england#fifawomenworldcup#PakTurkNews#spain#title