حق خود ارادیت کی جد وجہد میں کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر سمیت کئی فلاحی منصوبوں میں مصروف ہے۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان حکومت کی مدد سے ملک بھر میں تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر سمیت کئی عوامی فلاحی منصوبوں میں مصروف عمل ہے۔
انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے کہا کہ افواج پاکستان کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کی حمایت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ افواج پاکستان کشمیریوں کو ان کی تمام قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جیسا کہ ہم نے پچھلی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ حالیہ عرصے میں پاک فوج کے خلاف منظم پراپیگنڈے اور جھوٹی خبروں میں اضافہ ہوا ہے، بڑھتے جھوٹ اور پراپیگنڈے کے پیش نظر ہم نے تواتر سے پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی دیتے رہنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف اب تک رواں سال میں 23 ہزار 622 چھوٹے بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے۔ صرف 15 دنوں کے دوران ہونے والے آپریشنز کے دوران 24 دہشت گرد واصل جہنم کیے گئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسورسے نمٹنے کے لیے روزانہ 100 سے زائد آپریشنز افواج پاکستان، انٹیلیجنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انجام دے رہے ہیں۔
حکومت پاکستان نے حال ہی میں ایک اہم فیصلے اور نوٹی فکیشن کے ذریعے کالعدم ٹی ٹی پی کو فتنہ الخوارج کے نام سے نوٹیفائی کیا ہے۔ آئندہ سے اس کو اسی نام سے پکارا جائے گا اور اس سے جڑا ہر دہشت گرد خارجی پکارا جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ نہ تو کوئی تحریک ہے اور نہ ہی ان کا دین اسلام یا پاکستان سے کوئی تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں 28 اور 29 جولائی کو ضلع مہمند میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کیا گیا۔ اسی طرح ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی انٹیلی جنس کارروائی میں اہم خارجی دہشت گرد کو جہنم واصل کیا گیا، جو 12 دسمبر 2024ء کو دہشت گردی کے واقعے میں سہولت کاری سمیت کئی کارروائیوں میں ملو ث تھا۔

#5august#dgispr#kashmir#pakistgan#PakTurkNews#rawalpindiArmy