لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی زبان پر افسوس ہے، وہ تہذیب میں رہ کر بات کریں۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں حاضری لگوانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے گالی گلوج کی سیاست دوبارہ شروع کردی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری تہذیب میں رہ کر بات کریں ۔ عوام کو سستی روٹی اور سستی اشیا چاہییں، وہ بات کریں ۔ آپ نے احمد پور شرقیہ ،مانسہرہ کے جلسے دیکھے، یہ ہے عوام کا اعتماد ۔ عوام 8 فروری کو ان شا اللہ شیر کو ووٹ دیں گے۔نواز شریف مہنگائی سے ملک کو نکالیں گے ۔ آٹا ،گھی چینی سستی ہوگی ۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا مقابلہ الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیداروں کے ساتھ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کا مقابلہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کے خلاف بھی ہے۔ نواز شریف عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی زبان پر افسوس ہے ۔ وہ ہمارے ساتھ وزیر خارجہ رہے، انہیں کارکردگی کی بنیاد پر بات کرنی چاہیے ۔ بلاول بھٹو نئے نئے پنجاب آئے ہیں انہوں نے پنجاب میں ن لیگ کے پراجیکٹس نہیں دیکھے ۔ بلاول بھٹو کونسا ایسا منصوبہ سندھ سے لا رہے ہیں ، جو سندھ میں انہوں نے لگایا ہو اور پنجاب میں نہ ہو۔