پشاور(پاک ترک نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
پشاور ہائیکورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے 14 مارچ کو مختصر فیصلہ سنایا تھا تاہم اب ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 30 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ آرٹیکل 51 کے مطابق ہے اور ہائیکورٹ کے پاس صوبے تک مخصوص نشستوں کے کیسز سننے کا اختیار ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے اعتراض کیا کہ مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں میں تقسیم نہیں ہوسکتیں، سنی اتحاد کونسل خواتین کی مخصوص نشستوں کی حق دار نہیں، مقررہ وقت گزرنے کے بعد مخصوص نشست کی لسٹ جمع نہیں کرائی جاسکتی، اس لئے درخواست خارج کی جاتی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ الیکشن میں حصہ لینے والی سیاسی جماعت کا مخصوص نشستوں پر حق ہوتا ہے لیکن جنرل الیکشن میں ایک بھی سیٹ نہ جیتنے والی جماعت مخصوص نشستوں کی اہل نہیں، یہ دلیل کہ مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو نہیں دی جاسکتیں غیرآئینی ہے، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کو آئینی طریقے سے تقسیم کیا۔