پاکستانی بزنس مین شہزادہ دائود اور انکے بیٹے سلیمان کے متعلق اہلخانہ کے حیران کن انکشافات

لاہور(پاک ترک نیوز) ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے بحر اوقیانوس میں غرق ہونیوالی ٹائٹن آبدوز کے واقعے میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانی بزنس مین شہزادہ دائود اور ان کے صاحبزادے سلیمان کے متعلق اہلخانہ کے حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں ۔
شہزادہ داؤد کی بہن ازمہ داؤد نے امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بھائی اور ان کے بیٹے سلیمان کی موت کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ ہم میں نہیں رہے۔
شہزادہ داؤد کی بہن نے حیران کن انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ انکا بھتیجا سلیمان داؤد ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کے سفر پر جانے سے خوفزدہ تھا۔ اس کے باوجود وہ ‘فادرز ڈے’ پر والد کو خوش کرنے کی خاطر سفر میں شریک ہوا۔
ازمہ داؤد کا کہنا تھا کہ شہزادہ داؤد اور سلیمان اس ٹائٹن آبدوز میں تھےجو زیرِ سمندر تباہ ہوگئی۔ انہوں نے لاپتہ آبدوز کیلئے کیے جانے والے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے کیلئے جانے والی قسمت آبدوز ٹائٹن کو بنانے والی کمپنی ‘اوشین گیٹ’ نے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسوس! ہم ٹائٹن میں موجود پانچوں افراد کو ہمیشہ کیلئے کھوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ شہزادہ داؤد پاکستان کے سب سے بڑے ادارے اینگرو کارپوریشن کے وائس چیئرمین ہیں جس نے کھاد، گاڑیوں کی تیاری، توانائی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

##OceansGate#engro#Lahore#PakTurkNews#sabmarine#ShahzadaDawood#titan#titanic#titanicsubmersible