مسقط (پاک ترک نیوز) پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں جونئیر ہاکی ایشیاکپ میں آج فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔قومی ٹیم نے کل ملائیشیا کو 2-6سے شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹوایا تھا جبکہ بھارت نے جنوبی کوریا کو 1-9سے ہرا کر میگا ایونٹ کے بڑے معرکہ میں جگہ بنائی تھی ۔دونوں ٹیمیں آج شام پاکستانی وقت کے مطابق شام 9 بجے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں گی۔
اس سے قبل روایتی حریفوں پاکستان اور بھار ت کا گروپ سٹیج میں میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا جبکہ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں۔پاکستان نے مسلسل تیسری بار اور مجموعی طور پر ساتویں بار ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
اس سے قبل روایتی حریف 2015میں ملائیشیا میں ہونیوالے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایک دوسرے کے سامنے آئے تھے ۔اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6-2سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے آخری بار 27 سال پہلے بھارت کو ہی ہراکر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اب تک دونوں ٹیمیں 3 بار فائنل میں آمنے سامنے آچکی ہیں جس میں ہندوستان کا پلڑا بھاری رہا۔ بھارت نے 2004 اور 2015 میں فتح پائی جبکہ 1996 میں پاکستان کو ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔
قومی ٹیم کے ہیڈکوچ رولنٹ اولٹمنز کا کہنا ہےکہ پاکستانی ٹیم بھرپور فارم اور ردھم میں ہے، بھارت کے ساتھ فائنل پریشر سے بھرپور میچ ہوگا تاہم امید ہے کہ فائنل بھی جیتیں گے۔
مینجر حنیف خان کا کہنا ہےکہ بھارت کے ساتھ لیگ میچ برابر کھیلا تھا، ان کے گیم پلان کا اندازہ ہے، کوشش ہوگی کہ نئی پلاننگ کے ساتھ ان کو ہرائیں۔