تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات، بیرسٹر گوہربلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب

پشاور(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہرعلی خان بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہوگئے ۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے جبکہ سینٹرل سے بیرسٹر گوہر چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔
نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے منیراحمد بلوچ صدر منتخب ہو ئے ہیں ، سندھ سے حلیم عادل شیخ جبکہ پنجاب سے یاسمین راشد صدر پی ٹی آئی منتخب ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان منتخب ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کےلیے علی امین گنڈا پور کو صدر منتخب کیا گیا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر کاکہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کے اعتراض کو مسترد کرتے ہیں ۔
پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے سکیورٹی دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور ایس ایس پی آپریشنز نے خود سکیورٹی کی نگرانی کی۔
پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کی درخواست کے بعد الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی خیبر پختونخوا کو سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز، پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن 2 دسمبر کو کرائے جائیں گے کیونکہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو اپنے انتخابی نشان کے طور پر بلے کو برقرار رکھنے کے لیے 20 دن کے اندر اندر پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

#baristorgohar#chiarmanpti#goharalikhan#PakTurkNews#pti#ptichairman