اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
اسلام آباد میں وزیر توانائی محمد علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یوریا کھاد کے حوالے سے مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں سے بحران کا خاتمہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں جس وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا، مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، قانون کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سرفراز بگٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسانوں کے لیے کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ملکی ضرورت کے مطابق کھاد درآمد کر لی گئی ہے، اس سال کھاد کا کوئی پلانٹ بند نہیں کیا جا رہا، سبسڈی کا براہ راست فائدہ کسانوں کو پہنچایا گیا۔