دبئی(پاک ترک نیوز) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفارتی امور کے مشیر انور قرقاس نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
غزہ میں اسرائیلی جنگ کے 3 ماہ مکمل ہونے پر متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا فیصلہ اسٹریٹیجک نوعیت کے فیصلے کی بنیاد پر قائم کیے تھے اور اس لیے انہیں غزہ میں جاری جنگ کے باوجود اور ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
صدر متحدہ عرب امارات کے سفارتی امور کے لیے مشیر انور قرقاش نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا فیصلہ اسٹریٹجک بنیادوں پر لیا گیا تھا اور اسٹریٹجک نوعیت کے فیصلے جلدی تبدیل نہیں کیے جاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹجک نوعیت کے فیصلے طویل مدتی ہوتے ہیں اس لیے حماس کے ساتھ اسرائیلی جنگ کا ان تعلقات پر کوئی اثر نہیں ہو سکتا۔
مشیر برائے سفارتی امور نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے اسٹریٹجک بنیادوں پر کیے گئے فیصلے کی راہ میں کئی رکاوٹیں آئیں گی اور اس وقت بھی ہم ایک بڑی رکاوٹ کا سامنا کر رہے ہیں تاہم اس رکاوٹ کے ساتھ ہمیں نمٹنا ہو گا۔
یاد رہے بعض عرب ملکوں نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر رکھے ہیں اور یہ تعلقات غزہ میں جنگ کے باوجود جاری ہیں۔ ان ملکوں میں سے امارات اور بحرین نے ابراہم معاہدے کے تحت اسرائیل کے ساتھ 2020 میں تعلقات قائم کیے تھے۔