قومی اسمبلی میں عدالتی اصلاحات سے متعلق بل پیش

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) قومی اسمبلی میں عدالتی اصلاحات کیلئے قانون سازی کا بل پیش کردیا گیا جس کے تحت کسی بھی از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز کریں گے۔
سپیکر نے ارکین اسمبلی کی درخواست پر بل پر مزید غور کیلئے قائمہ کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے قانون سازی کیلئے کل ہی کمیٹی رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کردی، قومی اسمبلی اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی اصلاحات سے متعلق (سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023) وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا۔
بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین جج از خود نوٹس کا فیصلہ کریں گے، از خود نوٹس کے فیصلے پر 30 دن کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا اور اپیل دائر ہونے کے چودہ روز کے اندر درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنا ہوگا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بل سے متعلق ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے رولز آئین اور قانون کے تابع ہیں، عدالتی تاریخ دیکھیں تو 184/3 پر بہت زیا دہ تنقید رہی ہے، سب سے زیادہ بار باڈیز کی طرف سے 184/3 پر تنقید کی جاتی رہی ہے، وہ دور بھی دیکھا جب معمولی معمولی باتوں پر سوموٹو نوٹس لیے گئے، اپیل کا حق مجوزہ بل میں دینا ضروری سمجھا گیا ہے۔
وزیرقانون نے کہا کہ گزشتہ روز ججز کے موقف نے تشویش کی لہر پیدا کردی، اندیشہ پیدا ہوا کہ فرد واحد کے اختیار سے اعلیٰ عدلیہ کو نقصان نہ پہنچے، بل کے تحت چیف جسٹس کا ازخود نوٹس لینے کے اختیار کو ریگولیٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 میں کہا گیا ہے عدالت عظمیٰ کے سامنے ہر معاملے یا اپیل کو ایک بینچ سنے گا جسے چیف جسٹس اور دو سینئر ترین ججوں پر مشتمل ایک کمیٹی کے ذریعے تشکیل دیا جائے گا، کمیٹی کے فیصلے اکثریت سے کیے جائیں گے۔
عدالت عظمیٰ کے اصل دائرہ اختیار کو استعمال کرنے کے حوالے سے بل میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 184(3) کے استعمال کا کوئی بھی معاملہ پہلے مذکورہ کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا، اگر کمیٹی یہ مانتی ہے کہ آئین کے حصہ II کے باب اول میں درج کسی بھی بنیادی حقوق کے نفاذ کے حوالے سے عوامی اہمیت کا سوال پٹیشن کا حصہ ہے تو وہ ایک بینچ تشکیل دے گی جس میں کم از کم تین ججز شامل ہوں گے، سپریم کورٹ آف پاکستان جس میں اس معاملے کے فیصلے کے لیے کمیٹی کے ارکان بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
آرٹیکل 184(3) کے دائرہ اختیار کا استعمال کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے بینچ کے کسی بھی فیصلے پر اپیل کے حق کے بارے میں بل میں کہا گیا کہ بینچ کے حکم کے 30 دن کے اندر اپیل سپریم کورٹ کے بڑے بینچ کے پاس جائے گی، اپیل کو 14 دن سے کم مدت کے اندر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا، بل میں قانون کے دیگر پہلووٴں میں بھی تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔
مجوزہ بل کے تحت ایک پارٹی کو آئین کے آرٹیکل 188 کے تحت نظرثانی کی درخواست داخل کرنے کے لیے اپنی پسند کا وکیل مقرر کرنے کا حق ہوگا۔ کسی وجہ، اپیل یا معاملے میں جلد سماعت یا عبوری ریلیف کے لیے دائر کی گئی درخواست 14 دنوں کے اندر سماعت کے لیے مقرر کی جائے گی۔بل میں کہا گیا ہے کہ اس کی دفعات کسی بھی دوسرے قانون، قواعد و ضوابط میں موجود کسی بھی چیز کے باوجود نافذ العمل ہوں گی یا کسی بھی عدالت بشمول سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے فیصلے پر اثر انداز ہوں گی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے بروز بدھ 29 مارچ کو اراکین کا اجلاس طلب کرلیا، جس میں عدالتی اصلاحات ترمیمی بل کی منظوری دی جائے گی، اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی محمود بشیر ورک کریں گے۔
قبل ازیں حکومت نے چیف جسٹس کے 184/3 کے تحت ازخود نوٹس کے اختیار پر قانون سازی اورسوموٹو ایکشن کے اختیار کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دس اپریل کو طلب رکھا ہے وہاں یہ بل منظوری کیلیے پیش کیا جائے گا۔

#azamnazeertarar#islamabad#NationalAssembly#PakTurkNews#somotoaction