لاہور(پاک ترک نیوز) نگران پنجاب حکومت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی بریت چیلنج کردی۔
سابق صوبائی وزیر صحت اور پاکستان تحریک انصا ف (پی ٹی آئی )کی رہنما یاسمین راشد کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
دائر درخواست میں حکومت پنجاب کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کیا، سابق صوبائی وزیر نے جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والی ریلی کی قیادت کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ثبوت موجود ہونے کے باوجود ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کیا گیا، درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔