انقرہ (پاک ترک نیوز ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ غزہ میں معصوم شہریوں کی اموات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدراردوان نے اسرائیلی ہم منصب سے فون پرغزہ پر بمباری روکنے کا مطالبہ کیا اور غزہ کی بندش کو ناقابلِ قبول قراردیتے ہوئے کہا معصوم شہریوں کی اموات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حماس اور اسرائیل جنگ رکوانے کیلئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل سے غزہ پر بمباری روکنے کا مطالبہ کیا اور اسرائیل اور فلسطینی صدور سے رابطے کیا اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔
اردوان نے امیر قطر سے بھی ٹیلی فون کیا اور جنگ کی تازہ صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے امیر قطرسے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
ترک صدر کے لبنان اورملائشیا کے وزرائے اعظم سے بھی رابطے کئے، جس میں فلسطین اسرائیل کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے آپریشن طوفان الاقصی کے دوران اسرائیل کے متعدد علاقوں میں مجاہدین اور صہیونی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔
ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ گئی جبکہ بوکھلائی صہیونی فوج کی وحشیانہ بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد سات سو چار ہوگئی اور تین ہزار آٹھ سو سے زائد زخمی ہیں۔