الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں 2 دن کی توسیع کر دی

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کر دی۔فروری 2024ء میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن تھا جس میں توسیع کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت بڑھا دیا گیا ہے، عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نظرثانی شدہ الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست بھی 24 دسمبر تک دے سکتی ہیں۔
ای سی پی کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال اب 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہوگی۔
سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کاغذات کا حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا لاہور سے الیکشن لڑنے کا امکان ہے۔
آصف علی زرداری نے این اے 207 نواب شاہ سے انتخابی فارم وصول کیا، مریم نواز نے صوبائی الیکشن کمیشن آفس سے ووٹ سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا، پانچ حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قومی اسمبلی کے حلقہ 260 اور بلوچستان کے حلقہ 32 سے انتخابات میں حصہ لیں گے، فضل الرحمان نے این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی کے 50 اور این اے 19 کے لئے کاغذات جمع کرا دیئے، سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے این اے 53 سے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران متعدد سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے اور جمع کرائے۔

#elecation#elecationcommission#islamabad#PakTurkNews#pmln