ریاض (پاک ترک نیوز) پاکستان سمیت کئی ممالک سے پہلی حج پروازیں کل سعودی عرب پہنچیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دیگر ممالک سے عازمین حج کی پہلی پروازیں کل سعودی عرب پہنچیں گی ۔افغانستان ،بھارت ،بنگلہ دیش سمیت جنوبی ایشیا کے ممالک سے بھی عازمین حج کی پہلی پروازیں کل سعودی عرب پہنچیں گی ۔
سعودی حکام کے مطابق مجموعی طور پرسات ہزار 700 پروازوں کے ذریعے عازمین سعودی عرب پہنچیں گے۔ اور یہ مجموعی طور پر 34لاکھ نشستیں بنتی ہیں۔
پاکستان کے ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2024 کے لیے فلائٹ آپریشن 9 مئی تا 9 جون جاری رہے گا۔ اسلام آباد سے پہلی حج پرواز کل نصف شب کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گی۔حج آپریشن کے پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ائرپورٹ اتریں گی، جس کے بعد 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ائرپورٹ پر لینڈ کریں گی۔ فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔
سعودی سول ایوی ایشن جنرل اتھارٹی نے بتایا کہ اس سال مملکت کے چھ ایئرپورٹس پر عازمین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جن میں جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مدینہ منورہ کا امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، شہزادہ عبدالمحسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ ینبع اور شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام شامل ہیں۔
مطارات ہولڈنگ کا کہنا ہےکہ 6 ایئرپورٹس کے 13 لاؤنجز کو عازمین کے لیے مختص کیا گیا ہے جہاں 21 ہزار سے زائدعملہ متعین ہے۔اس ضمن میں ’بغیر بیگ کے مسافر‘ سروس بھی فراہم کی جارہی ہےجس کے تجربات گزشتہ سال بھی کیے گئے تھے۔ جبکہ سعودی ایئرلائن نے 150 پروازوں پر 1.2 ملین سے زائد نشستیں عازمین حج کے لیے مختص کر رکھی ہیں۔
دوسری جانب سعودی ریلوے ’سار‘ کا کہنا ہےکہ 9 ٹرین سٹیشن جن میں منی، مزدلفہ اور عرفات شامل ہیں کے ذریعے حجاج کی نقل و حرکت کو آسان بنایا گیا ہے۔ تقریبا 2 ہزار ٹرپس کے لیے 17 ٹرینیں تیار کی جاچکی ہیں۔ حرمین ٹرین پانچ سٹیشنوں کے ذریعے حج سیزن میں 3800 سے زیادہ ٹرپس کے لیے تیاری کرچکی ہے۔سار کا مزیدکہنا ہے کہ ٹرینوں کی آمد ورفت اور سفر کے اوقات کے حوالے سے سمارٹ فون پرعازمین کو الرٹ بھی جاری کیا جائے گا۔